انسٹا گرام نے اپنے نظام میں ایک ایسی خرابی کا انکشاف کیا ہے جس کی وجہ سے ہیکر متعدد اہم شخصیات کے فون نمبر اور ای میل پتے معلوم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

فیس بک کی ملکیتی اس فوٹو سوشل نیٹ ورک نے ان افراد کو اس بارے میں ای میلز کے ذریعے مطلع کر دیا ہے۔

٭ انسٹاگرام پر پسندیدگی کی دوڑ

کمپنی کا کہنا ہے کہ ‘ایک یا زیادہ’ سائبر حملہ آوروں نے اہم شخصیات کی معلومات کے حصول کی کوشش کی تھی۔

تاہم کمپنی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ سائبر حملے کا نشانہ کون سے اکاؤنٹ تھے۔

انسٹاگرام کے مطابق اس سائبر حملے میں کوئی پاس ورڈ نہیں چرائے گئے تاہم اس نے اپنے صارفین کو اپنے اکاؤنٹس پر مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سائبر حملہ کمپنی کے اپنے سافٹ ویئر میں موجود ایک ‘بگ’ کی وجہ سے ممکن ہوا جسے اب درست کر دیا گیا ہے۔

انسٹا گرام نے اپنے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر متوقع فون کالز، ٹیکسٹ اور ای میلز کے بارے میں زیادہ محتاط رہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں انسٹا گرام کے 50 کروڑ صارفین ہیں جن میں سے 30 کروڑ روزانہ اسے استعمال کرتے ہیں۔

Please follow and like us: